256

عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی کا سب سے زیادہ سنی جانے والی کیسٹس کا عالمی ریکارڈ جو 24سال بعد بھی کوئی نہ توڑ سکا

لاہور ( این این آئی)معروف گلوکار عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی کا سب سے زیادہ کیسٹس کا عالمی ریکارڈ 24سال گزرنے کے باوجود دنیا کا کوئی بھی گلوکار توڑنے میں ناکام ہے ۔ تفصیلات کے مطابق گلوکار عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی نے گانوں کی سب سے زیادہ کیسٹس کا ریکارڈ بنایا تھا

اور 1995ء میں انکا گینز بک آف ریکارڈ میں شامل کیا گیا ،آج 24سال کا عرصہ گزرنے کے باوجود کوئی بھی گلوکار انکا منفرد ریکارڈ توڑنے میں کامیاب نہیں ہو سکا۔ واضح رہے پاکستان کے مایہ نازگلوکارعطااللہ عیسیٰ خیلوی نے سوشل میڈیا پران کی موت کی جھوٹی خبرپھیلانے والوں کے لیے پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ خدا ایسے لوگوں کو ہدایت دے۔بین الاقوامی شہرت یافتہ گلوکارعطااللہ عیسیٰ خیلوی بھی دیگر فنکاروں کی طرح موت کی جعلی خبروں کا شکارہونے سے نہ بچ سکے۔ سوشل میڈیا پر ان کی موت سے متعلق جھوٹی خبریں گردش کرنے کے بعد عطااللہ کا ویڈیو پیغام سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے اپنے صحت مند ہونے کی تصدیق کی ہے۔ ویڈیو پیغام میں عطااللہ عیسیٰ خیلوی نے اپنے تمام چاہنے والوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ بالکل صحت مند ہیں اوراسپتال سے گھر واپس آگئے ہیں۔عطااللہ عیسیٰ خیلوی نے مزید کہا کہ بیماری کے دوران سوشل میڈیا پرکچھ لوگوں نے ان کے خلاف عجیب وغریب باتیں پھیلائیں، مجھے ان لوگوں سے کوئی گلہ نہیں، تاہم میں خدا سے دعا کرتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ انہیں ہدایت دے۔ بعد ازاں انہوں نے اُن تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے بیماری کے دوران ان کی صحت وتندرستی کے لیے دعائیں کیں اوران کے لیے نیک تمناؤں کا اظہارکیا۔ عطااللہ عیسیٰ خیلوی نے کہا کہ یہ لوگوں کی دعاؤں کا ہی نتیجہ ہے کہ میں جلد صحت یاب ہوا۔گلوکار عطااللہ عیسیٰ خیلوی کو کمر میں شدید درد کے باعث اسپتال میں داخل کیا گیا تھا تاہم سوشل میڈیا پر ان کی موت کی جھوٹی خبر گردش کرنے کے باعث ان کے مداحوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں