10

آمد رمضان سے قبل مہنگائی کا جن بے قابو، اشیاء خورد و نوش کی قیمتوں میں کتنا اضافہ کر دیا گیا ؟

سرگودہا (ویب ڈیسک ) رمضان المبارک کی آمد سے قبل چینی، گھی، آئل، چاول اور چائے کی پتی سمیت مصالحہ جات اور دیگر اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے چینی کی قیمت 6 روپے فی کلو تک بڑھ گئی ہے 58 روپے میں فروخت ہونیوالی چینی 64 روپے کلو

میں فروخت ہورہی ہے جبکہ دور دراز علاقوں میں چینی 68 روپے کلو تک فروخت ہونے کی اطلاعات ہیں اسی طرح گھی کی قیمتوں میں بھی 5 سے 10 روپے فی کلو اضافہ دیکھنے میں آیا ہے آئل کی قیمت 15 روپے لیٹر بڑھا دی گئی ہے۔ چاول کی قیمتوں میں بھی 8 سے 10 روپے فی کلو کا اضافہ کردیا گیا ہے جبکہ چائے کی پتی 150 روپے کلو تک مہنگی ہوگئی ہے مختلف مصالحہ جات بنانے والی کمپنیوں نے بھی 15 روپے تک کا اضافہ کردیا ہے جبکہ صابن اور شیمپو کے ریٹ بھی بڑھے ہیں کاسمیٹکس کی اشیاء بھی مہنگی ہوئی ہیں ڈالر کی قیمت میں اضافے سے دیگر اشیاء بڑھ رہی ہیں جس سے مارکیٹوں میں ویرانی چھائی ہے رمضان المبارک کی آمد سے قبل اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ شہریوں کیلئے پریشانی کا موجب بن رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں رمضان المبارک سے قبل سبزیوں اور مرغی کے گوشت کے ریٹ بڑھ گئے ۔ شہری بلبلا اٹھے ۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں رمضان المبارک سے قبل ہر سبزی میں 40 سے 60 روپے تک کا خوفناک اضافہ کر دیا گیا جبکہ چکن کی قیمت بھی ایک ہفتے میں 200 سے بڑھ کر 281 روپے ہو گئی ۔ لاہور میں سبزیوں اور مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں صرف ایک ہفتے کے دوران 40 سے60روپے تک کے خوفناک اضافے سے شہری بلبلا اٹھے، جبکہ شہریوں کے ساتھ دکانداروں کی پریشانی میں بھی اضافہ ہوا ہے،شہر میں 40 روپے کلو بکنے والی پیاز 80 روپے کلو، ٹماٹر50 سے بڑھ کر 90 تا 120 روپے کلو ہو گیا ہے ۔

ادرک50 روپے پاؤ سے بڑھ کر 90 روپے پاؤ، گوبھی 30 روپے سے بڑھ کر 55 روپے کلو، کریلا 70 روپے سے بڑھ کر 115 روپے کلو، کدو 45 روپے سے بڑھ کر 90 روپے کلو، لیموں 45 روپے پاؤ سے بڑھ کر 70 روپے پائو جبکہ لہسن 110 روپے کلو سے بڑھ کر 160 روپے کلو ہو گیا۔مرغی کے گوشت کی قیمت بھی آسمان سے باتیں کرنے لگی ، جس کی قیمت 200 روپے کلو سے بڑھ کر281 روپے فی کلو ہو گئی ۔شہریوں نے بتایا کہ حکومت اپنے معاملات میں الجھی ہوئی ہے ،اس مہنگائی پر کسی کی توجہ نہیں ہے، رمضان سے قبل مہنگائی نے شہریوں کی چیخیں نکلوا دی ہیں، رمضان آئے گا تو نہ جانے کیا ہو گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں