45

ظلم کی نئی داستان رقم کرنے کی تیاری۔۔اب مظاہرین کو گولی سے جواب دیا جائیگا۔۔ بھارتی آرمی چیف نے کشمیری شہریوں کیلئے خوفناک اعلان کر دیا

نئی دہلی(نیوز ڈیسک) بھارتی آرمی چیف جنرل بپن راوت نے ایک بار پھر ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں پتھرائوکرنے والے مظاہرین کو گولی سے جواب دیا جائے گا۔امریکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں آرمی چیف بپن راوت نے سفاکی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ پتھرائو کا مقابلہ

ہلاکت خیز پیلٹ گن کی گولیوں سے کیا جائے گا اور پتھرائو کرنے والے مظاہرین بھی دہشت گرد ہیں۔ جنرل بپن راوت نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی پالیسی پراصرار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں پتھر بھی ایک جان لیوا ہتھیار کے طور پراستعمال ہو رہا ہے جس کے دفاع میں فائرنگ کی جا سکتی ہے، میں اپنے سپاہیوں کو پتھر سے مرنے نہیں دوں گا۔بھارتی آرمی چیف نے کہا کہ عمومی طور پر فورسز مظاہرین کو براہ راست گولیوں کا نشانہ نہیں بناتیں کیوں کہ ایسا کرنے پر اہلکاروں کو عدالت کا سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن اب صورت حال مختلف ہے اب پتھر بھی گولیوں سے کم نہیں۔ بھارتی آرمی چیف نے کہا کہ جب کبھی میرے سپاہی پتھرائو کا جواب دینے کے حوالے سے پوچھتے ہیں تو میرا یہی جواب ہوتا ہے کہ پتھرائو کے جواب میں بندوق استعمال کریں۔واضح رہے کہ بھارتی آرمی چیف کا بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب ضلع پلوامہ میں بھارتی سیکیورٹی فورسز نے مظاہرین پر براہ راست فائرنگ کر کے 11 شہریوں کو شہید کردیا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں